واشنگٹن (رائٹرز، اے پی، وائٹ ہاؤس، عرب و عالمی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور امید ہے کہ یہ بات چیت کامیاب ثابت ہوگی، تاہم ماضی میں ایران کے خلاف آپریشن مڈ نائٹ ہیمر بھی کیا جا چکا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں فوج کی تعیناتی کے بعد جرائم میں کمی آئی ہے اور امریکی شہر اب پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں لیکن اگلی ملاقات کہاں ہوگی، اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی معلومات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو بات چیت کا موقع دیا گیا تھا لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا، جس کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف آپریشن مڈ نائٹ ہیمر کیا، تاہم اب انہیں نہیں لگتا کہ ایران اس نوعیت کی کسی کارروائی کا دوبارہ خواہش مند ہوگا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کسی پیش رفت کا خواہشمند نظر آتا ہے، تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا واقعی مذاکرات سے کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے آتا ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وینزویلا بھیجے گئے بحری بیڑے سے بھی بڑا امریکی بحری بیڑہ ایران کی جانب گامزن ہے۔

