ایران کے سعودی اڈے پر حملے میں امریکی فضائیہ کے 5 طیارے جزوی تباہ

ریاض (ایجنسیاں)سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر ایران کے میزائل حملے میں امریکی فضائیہ کے پانچ ری فیولنگ طیارے زمین پر ہی نشانہ بن گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق طیارے مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئے اور ان کی مرمت جاری ہے، جبکہ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اس حملے کے بعد امریکی فضائیہ کے متاثر یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے ری فیولنگ طیاروں کی تعداد کم از کم سات ہو گئی ہے۔

ایران کی جانب سے عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں بھی میزائل حملہ کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق خودکش ڈرون کے ذریعے امریکی سفارتخانے کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے ترجمان کے مطابق خطے میں امریکی فوج کے تین مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکا نے عراق میں اپنے ری فیولنگ طیارے کے گرنے اور اس میں سوار تمام چھ امریکی فوجی اہل کاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔اس کے علاوہ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کو بھی میزائل حملوں سے شدید نقصان پہنچایا اور بحرین میں امریکی بیس کو بھی نشانہ بنایا۔