دبئی (اسپورٹس ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے پیشِ نظر ایشیا کپ 2025 کے 19 میں سے 18 میچز کے اوقات تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ اب تمام میچز شام 7 بجے کے بجائے مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے) شروع ہوں گے۔ یہ تبدیلی کھلاڑیوں اور شائقین کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے کی گئی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک دبئی اور ابوظہبی میں ٹی 20 فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ البتہ ایک میچ، جو 15 ستمبر کو ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات اور عمان کے درمیان شیڈول ہے، شام 5 بجے شروع ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے جاری کردہ ابتدائی شیڈول کے مطابق میچز شام 7 بجے شروع ہونا تھے، تاہم اب گرمی کی وجہ سے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ٹیموں کی تقسیم:
گروپ اے: پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان
گروپ بی: سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ
پاکستان کا شیڈول:
12 ستمبر: پاکستان بمقابلہ عمان (دبئی کرکٹ اسٹیڈیم)
14 ستمبر: پاکستان بمقابلہ بھارت (دبئی کرکٹ اسٹیڈیم)
17 ستمبر: پاکستان بمقابلہ یو اے ای (دبئی کرکٹ اسٹیڈیم)
ٹورنامنٹ کے 19 میں سے 12 میچز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ باقی 7 ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ سپر فور مرحلہ اور فائنل (28 ستمبر) بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

