دوحہ (اسپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ شاہینز ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہیں۔
دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر پاکستانی باؤلرز کے سامنے پوری ٹیم 18 اوورز میں صرف 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پاکستان شاہینز نے 60 رنز کا ہدف 5.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔
سفیان مقیم نے 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، احمد دانیال اور معاذ صداقت نے 2، 2 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ شاہد عزیز، محمد شہزاد اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ لی۔بیٹنگ میں معاذ صداقت نے ایک بار پھر شاندار شاندار کھیل پیش کیا اور 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ وہ اس سے قبل عمان کے خلاف 96 اور بھارت اے کے خلاف 79 رنز بھی ناٹ آؤٹ بنا چکے ہیں۔
محمد نعیم 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ غازی غوری 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 21 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان شاہینز اپنے ابتدائی دونوں میچز میں عمان اور بھارت کو شکست دے چکے ہیں۔

