ایشیا کپ: سری لنکا نے ہانگ کانگ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی( نمائندہ خصوصی)ایشیا کپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے ہانگ کانگ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی اور ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 149 رنز بنائے، جواب میں سری لنکا نے پتھم نسانکا کی نصف سنچری کی بدولت 19ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ہانگ کانگ کی جانب سے نزاکت خان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جبکہ انشے رتھ 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ذیشان علی نے بھی 23 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے 29 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وینندو ہسرنگا اور داسن شاناکا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو پہلا نقصان 26 رنز پر کوشل مینڈس کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پتھم نسانکا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ انہیں عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوشل پریرا اور ہسرنگا نے 20، 20 رنز جبکہ کامل مشرا نے 19 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا نے ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہانگ کانگ کے یاسم مرتضیٰ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اوشے شکلا، احسان خان اور اعزاز خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس جیت کے ساتھ سری لنکا نے ایشیا کپ میں اپنی برتری برقرار رکھی جبکہ ہانگ کانگ کو ٹورنامنٹ میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ لکھیں