سعودی عرب میں ہونے والے ایشین اسنوکر مقابلوں میں پاکستان ایک اور گولڈ میڈل حاصل نہ کرسکا۔
ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کو تھائی لینڈ نے شکست دیدی، جس کے بعد پاکستان کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
سعودی عرب میں ایشین 6 ریڈ بال اور ایشین انڈر 21 چیمپئن شپ میں شاندار فتوحات کے بعد پاکستان نے ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں بھی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن فائنل میں پاکستان ٹیم کی فارم کو بریک لگ گیا، اسے تھائی لینڈ نے 0-3 سے شکست دی۔
پہلے سنگل میں پاکستان کے اسجد اقبال کو باآسانی شکست ہوئی تھی، دوسرے سنگل میں اویس منیر نے اچھا مقابلہ کیا لیکن کلر پوٹنگ میں انہوں نے براون بال پر فاول کیا، جس کے بعد تھائی پلیئر نے فریم کلیئر کردیا۔
ڈبلز میں بھی پاکستانی پیئر تھائی لینڈ کو نہ روک سکا، یوں تھائی لینڈ تھائی لینڈ 4-61، 53-75 اور 26-90 کے اسکور کے ساتھ ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ جیت گیا۔
فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل کی حقدار رہی، پاکستان نے اس سے قبل ایشین 6 ریڈ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
پاکستان نے ایشین انڈر 21 میں گولڈ اور سلور میڈل بھی اپنے نام کیا تھا، 6 ریڈ میں پاکستان کو ایک برانز میڈل بھی ملا تھا۔