دبئی (بیورورپورٹ)امریکی بزنس مین اور ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس (سابق ٹوئٹر) اور اسٹار لنک کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے دبئی کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔
ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات میں ٹیکنالوجی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیجیٹل معیشت اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دبئی کو عالمی سطح پر ٹیکنالوجی اور جدت کا مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ایلون مسک نے متحدہ عرب امارات کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیشرفت کو سراہا اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور ہنر مند انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کی تعریف کی۔ ملاقات میں جدید ڈیجیٹل نظام کو مزید مضبوط بنانے اور ہنر مند افرادی قوت میں سرمایہ کاری کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔

