لاس اینجلس (کینیڈین پریس) امریکا اور کینیڈا کے درمیان موجودہ کشیدہ تعلقات کی جھلک پیر کی شب ہالی ووڈ میں ہونے والی ایمی ایوارڈز کی تقریب میں بھی نظر آئی، جہاں اداکارہ سیلی فیلڈ نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کینیڈا کا خصوصی ذکر کیا۔
سیلی فیلڈ نے نیٹ فلکس کے ڈرامے ’’ریمَرکبلی برائٹ کریچرز‘‘ میں اداکاری پر محدود یا انتھالوجی سیریز یا ٹی وی فلم کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ اس ڈرامے کی زیادہ تر عکس بندی برٹش کولمبیا میں ہوئی تھی۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے سیلی فیلڈ نے کینیڈا کو ’’دوست‘‘ اور ’’پڑوسی‘‘ قرار دیا، جس پر لاس اینجلس کے پیکاک تھیٹر میں موجود شائقین نے تالیاں بجا کر اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔
تقریب کے دوران میکالے کلکن، اینی مرفی اور ڈین لیوی نے بھی جنوری میں 71 برس کی عمر میں انتقال کرنے والی کینیڈین اداکارہ اور مزاحیہ فنکارہ کیتھرین اوہارا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

