راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی نے ریاست مخالفت پوسٹ کے معاملے پر ایف آئی اے ٹیم کو وکلا کی موجودگی میں جواب دے دیا۔ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے ریاست مخالف پوسٹ شیئر ہونے کے معاملے پر ایف آئی اے ٹیم تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
3 رکنی ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایاز خان، سب انسپکٹر منیب احمد اور انیس شامل تھے۔بانی پی ٹی آئی سے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق سوالات کیے گئے، انہوں نے اپنے وکلا کی موجودگی میں ایف آئی اے ٹیم کو جواب دیے۔
انہوں نے کہا کہ میری میڈیا سے گفتگو کو ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا جاتا ہے، میرا مقصد کسی ایک ادارے یا ایک شخصیت سے متعلق بات کرنا نہیں تھا۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرا مقصد اشرافیہ کے بارے میں بات کرنا تھا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی تین رکنی خصوصی ٹیم تفتیش کے بعد جیل سے روانہ ہوگئی، تفتیش مکمل ہونے پر ٹیم مقدمات درج کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم کل رات بھی بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی لیکن انہوں نے تفتیشی ٹیم سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔بانی پی ٹی آئی نے وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش ہونے کا کہا تھا۔