عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار و گلوکار اے آر رحمٰن نے امریکی صدارتی انتخابات کی ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کر دی۔
اے آر رحمٰن نے ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کے لیے 30 منٹ کی اسپیشل پرفارمنس ریکارڈ کی ہے جس کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا ہے۔بھارتی گلوکار 30 منٹ کی یہ اسپیشل پرفارمنس ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بعد کملا ہیرس کی حمایت کرنے والے جنوبی ایشیا کے پہلے بین الاقوامی فنکار بن گئے ہیں۔
اس حوالے سے ایشین امریکن اینڈ پیسیفک آئی لینڈر (اے اے پی آئی) وکٹری فنڈ کے چیئر پرسن شیکھر نراسیمہن نے اے آر رحمٰن کی اس اسپیشل میوزک ویڈیو کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پرفارمنس کے ساتھ اے آر رحمٰن نے اپنی آواز کو ان رہنماؤں اور فنکاروں کے گروپ میں شامل کیا ہے جو امریکا میں ترقی اور نمائندگی کیلئےکھڑے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صرف ایک میوزیکل ایونٹ ہی نہیں بلکہ یہ ہماری کمیونٹیز کے لیے پیغام ہے کہ اپنا ووٹ کاسٹ کر کے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔
یہاں اس بات کا ذکر کرنا اہم ہے کہ اے اے پی آئی وکٹری فنڈ ایک سیاسی کمیٹی ہے جو اہل ووٹروں کی حوصلہ افزائی کر کے اُنہیں متحرک کرنےکیلئےکوشاں ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اے آر رحمٰن کی کملا ہیرس کی حمایت کیلئےریکارڈ کی گئی اسپیشل پرفارمنس کی یہ ویڈیو اے پی پی آئی وکٹری فنڈ کے یوٹیوب چینل پر 13 اکتوبر کو رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔