لاہور / سڈنی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپراسٹار اور سابق کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ (BBL) کی ٹیم سڈنی سکسرز سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ بی بی ایل کی تاریخ کی چند سب سے بڑی سائننگز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
بابر اعظم نے سڈنی سکسرز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا”سڈنی سکسرز کا حصہ بننے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ میں آسٹریلیا میں کافی کرکٹ کھیل چکا ہوں لیکن بی بی ایل میں ڈیبیو کا شدت سے منتظر ہوں۔”انہوں نے مزید کہا کہ”ورلڈ کلاس کھلاڑیوں جیسے اسٹیو اسمتھ اور جوش ہیزل وڈ کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا میرے لئےایک اعزاز ہو گا۔”
سڈنی سکسرز کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ بابر اعظم BBL 15 کے مکمل سیزن کیلئے دستیاب ہوں گے، جس میں فائنلز بھی شامل ہیں۔ یہ پیش رفت نہ صرف سکسرز کے لیے بلکہ بگ بیش فینز کیلئے بھی ایک خوشی کی خبر ہے۔
سڈنی سکسرز کی جنرل منیجر ریچل ہائینز نے بابر اعظم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا”ہم بابراعظم کو سکسرز فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ وہ ایک باصلاحیت اور انتہائی تجربہ کار کھلاڑی ہیں، اور ہماری ٹیم کے لیے نہایت قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔”
انہوں نے مزید کہا”بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بیٹر اور ثابت شدہ لیڈر ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ سکسرز کے مداح انہیں ہماری جرسی میں دیکھ کر بے حد خوش ہوں گے۔”
بابر اعظم کی BBL میں شمولیت نہ صرف ایک انفرادی اعزاز ہے بلکہ یہ پاکستانی کرکٹ کے معیار، وقار اور عالمی پذیرائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ توقع ہے کہ ان کی موجودگی بی بی ایل میں نہ صرف پاکستانی ناظرین کی دلچسپی بڑھائے گی بلکہ ٹورنامنٹ کی ریٹنگز اور مقبولیت میں بھی اضافہ کرے گی۔

