گوا(رائٹرز، اے پی، بھارتی میڈیا) بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کو جمعرات کی صبح گوا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر سینے میں شدید درد کے بعد بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر مانی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے ڈاکٹر شیکھر سالکر کے مطابق طبی عملے نے اداکار کو بچانے کی بھرپور کوشش کی اور تقریباً 45 منٹ تک طبی امداد دی، تاہم انہیں بچایا نہ جاسکا۔ نانا پاٹیکر کی موت کی تصدیق صبح 5 بج کر 20 منٹ پر کی گئی۔
نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے بھی والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اداکار نے رات تقریباً ڈھائی بجے اپنے ایک دوست کو طبیعت خراب ہونے اور سینے کے بائیں جانب درد کی اطلاع دی تھی۔ بعد میں انہیں ان کی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔
رائٹرز کے مطابق اسپتال نے موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی ہے، تاہم اس کے مخصوص طبی محرک کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی۔نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا۔ انہوں نے 1978ء میں فلم ’’گامن‘‘ سے ہندی فلمی دنیا میں قدم رکھا اور بعد ازاں ہندی و مراٹھی سینما کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوئے۔
انہوں نے ’’پرندہ‘‘، ’’کرانتی ویر‘‘، ’’اگنی ساکشی‘‘، ’’خاموشی: دی میوزیکل‘‘، ’’اب تک چھپن‘‘، ’’ویلکم‘‘ اور ’’نٹسمراٹ‘‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔نانا پاٹیکر کو تین قومی فلم ایوارڈز اور پدم شری سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔

