بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کروا دی گئی۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر یہ رابطہ ممکن بنایا گیا۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 30 منٹ سے زائد وقت تک اپنے بچوں سے گفتگو کی۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ بیٹوں کی آواز طویل عرصے بعد سن کر عمران خان کو انتہائی خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کی ہدایت پر ٹیلی فونک رابطہ کرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ صاحبزادوں کے مطابق گفتگو تقریباً 20 منٹ جاری رہی اور طویل عرصے بعد آواز سن کر والد خوش دکھائی دیے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئے نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا انتظار ہے اور ذاتی معالجین کی نگرانی میں ماہر ڈاکٹرز سے فوری علاج کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت علاج میں تاخیر سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے مستقل نقصان سے بچاؤ کیلئے فوری اسپیشلسٹ کیئر ضروری ہے۔