بانی کی رہائی کیلئے محسن نقوی نے فیلڈ مارشل سے بھی بات کی: علی امین گنڈاپور

پشاور(نامہ نگار)خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل سے بھی بات کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کی رہائی کیلئے سب سے زیادہ کوششیں محسن نقوی نے کیں اور وہ واحد شخصیت ہیں جو فیلڈ مارشل کے سامنے براہِ راست بات کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کی آنکھوں کے معائنے سے متعلق میڈیکل رپورٹ بھی سامنے آچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ماہرِ امراضِ چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پمز اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی عینک کے ساتھ دائیں آنکھ کی بینائی 6/9 جبکہ بائیں آنکھ کی بینائی 6/6 ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ جب تک کسی عہدیدار کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو جاتی، دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ احتجاج بدستور جاری ہے، جبکہ سلمان اکرم راجہ نے بھی اعلان کیا کہ جب تک پارٹی عہدیدار کو ملاقات کی اجازت نہیں ملتی، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔