باڑہ: تیراہ معاملے پر سیاسی اتحاد کا جرگہ، امن بحالی اور تحریک کے آغاز کا اعلان

باڑہ (نامہ نگار) باڑہ سیاسی اتحاد نے تیراہ معاملے پر جرگہ کیا، جس میں وادی تیراہ میں فوری طور پر مکمل امن قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور قیامِ امن کے لیے باڑہ میں امن تحریک کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا۔سیاسی اتحاد کے جرگے میں کہا گیا کہ متاثرینِ تیراہ کے مسائل صرف کسی ایک علاقے یا قبیلے تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس کے حل میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔

سابق چیئرمین باڑی سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے کہا کہ خوارج کے ساتھ دو مرتبہ جرگہ کیا گیا، اور بعد ازاں جرگے کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور تیراہ کے مشران کو سونپی گئی۔باڑی سیاسی اتحاد نے مطالبہ کیا کہ خوارج کی جانب سے فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملے اور کواڈ کاپٹر گرانے جیسے اقدامات فوری بند کیے جائیں، کیونکہ یہ عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔

اتحاد نے مزید کہا کہ متاثرین سے کیے گئے تمام وعدے تحریری اور عملی طور پر تسلیم کیے جائیں، رجسٹریشن کے عمل میں سیاسی مداخلت اور کرپشن کی تحقیقات ہوں، اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔جرگے کے مطابق تیراہ میں گھر یا جائیداد رکھنے والوں کو آئی ڈی پیز اسٹیٹس دے کر رجسٹریشن کی جائے اور تمام متاثرین کو امدادی پیکیج میں شامل کیا جائے۔

باڑہ سیاسی اتحاد نے اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ہنگامی بنیادوں پر کنٹرول کیا جائے۔ آج سے باڑہ میں امن تحریک کا آغاز ہوگا۔

اتحاد نے خوارج کی جانب سے اغوا برائے تاوان اور دھمکی آمیز کالز کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت پر ذمہ داری ڈالتی ہوئی باڑہ کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔سیاسی اتحاد نے عزم ظاہر کیا کہ وہ باڑہ کے متاثرینِ تیراہ کے حقوق کے حصول تک ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔