وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا شکریہ ادا کیا
باکو ( بین الاقوامی نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دو ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے ایک بڑے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی قیادت اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
آذربائیجان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے صدر علیوف سے اپنی ملاقات کو نہایت مفید، نتیجہ خیز اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کا ذریعہ قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ باہمی اعتماد، دوستی اور اقتصادی تعاون کی علامت ہے، اور اس میں آئندہ مزید اضافہ متوقع ہے۔
وزیراعظم نے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 17ویں سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر صدر الہام علیوف کو مبارکباد بھی دی اور اجلاس میں شریک تمام ممالک کی جانب سے تعمیری کردار پر اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے ایران سے تعزیت کرتے ہوئے ای سی او رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی المیے پر دنیا کی خاموشی باعثِ شرم ہے اور عالمی برادری کو فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔

