نوجوانوں کو خود اعتمادی، شراکت داری اور مواقع کے ذریعے بااختیار بنانے کا عزم
برامپٹن، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) برامپٹن سٹی نے باضابطہ طور پر 2026 تا 2030 یوتھ انگیجمنٹ اسٹریٹجی کا آغاز کر دیا، جو کہ ایک جامع حکمتِ عملی ہے جس کا مقصد شہر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا، ان کی آواز کو اہمیت دینا اور انہیں شہری زندگی میں متحرک کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
یہ اسٹریٹجی برامپٹن کے 1200سے زائد نوجوانوں کی آراء اور تجربات کی روشنی میں تیار کی گئی ہے اور 14 سے 29 سال کے نوجوانوں کیلئےایک جامع، مربوط اور پرامید مستقبل کی بنیاد رکھتی ہے۔ اس میں چھ کلیدی ترجیحات کے تحت 22 عملی اقدامات شامل ہیں جو آئندہ پانچ سالوں کے دوران نوجوانوں سے تعلق، تعاون اور تحریک کے عمل کو مضبوط بنائیں گے۔
اس اسٹریٹجی کی بنیاد چھ اہم اصولوں پر رکھی گئی ہے جو نوجوانوں کے ساتھ برامپٹن کے مستقبل کے تعلق کی سمت متعین کرتے ہیں.
نوجوانوں کی تنوع اور رسائی کی ضروریات کی عکاسی،نوجوانوں کو باصلاحیت تسلیم کرنا،رابطے کو بامعنی اور متعلقہ بنانا،مستقل مزاجی اختیار کرنا،کھلے اور شفاف مکالمے کے ذریعے اعتماد قائم کرنا،نوجوانوں کو اثر انگیز کرداروں میں لاناشامل ہے.
اسٹریٹجی کی ہر سرگرمی ان چھ ترجیحی شعبوں کو تقویت دیتی ہے جس میں نوجوانوں کی نمائندگی اور وکالت کو فروغ دینا،نوجوانوں پر مرکوز روابط اور رسائی کو مضبوط بنانا،نوجوانوں کے لیے پروگراموں اور سرگرمیوں سے آگاہی بڑھانا،روزگار اور کیریئر کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرنا،ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا،ماحول دوست پالیسیوں میں نوجوانوں کو شامل کرناشامل ہیں.
2024 میں برامپٹن سٹی نے REVIVE Strategies کے اشتراک سے سابقہ اسٹریٹجی کا تجزیہ اور ازسرِ نو جائزہ لیا۔ نوجوانوں سے فیڈبیک حاصل کرنے کیلئے آن لائن و انفرادی سروے، کمیونٹی ایونٹس، فوکس گروپس اور یوتھ ایڈوائزری سرکل جیسے اقدامات کیے گئے۔ نتیجتاً یہ اسٹریٹجی نوجوانوں کی حقیقی ترجیحات اور تجربات کی حقیقی عکاسی کرتی ہے۔
برامپٹن سٹی کونسل کی منظوری کے بعد اب اسٹریٹجی کے عملی نفاذ کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس میں آئندہ پانچ سال کا ورک پلان تیار کیا جائیگااور برامپٹن یوتھ کابینہ کے قیام کے ذریعے نوجوانوں کی قیادت و شمولیت کو مضبوط کیا جائیگا۔
نوجوان افراد سٹی کی نئی ای نیوزلیٹر CityConnect: Brampton Youth Edition کے ذریعے باخبر رہ سکتے ہیں جس میں شہر کے ایونٹس، پروگرامز، ملازمت کے مواقع اور دیگر سہولیات کی تفصیلات فراہم کی جاتی ہیں۔ مکمل اسٹریٹجی اور نیوزلیٹر کیلئے brampton.ca/youth ملاحظہ کریں۔
میئر، سٹی آف برامپٹن پیٹرک براؤن کاکہناتھا “برامپٹن کے نوجوان ہماری توانائی، جدت اور مستقبل کی اصل قوت ہیں۔ یہ نئی یوتھ اسٹریٹجی نوجوانوں کو سننے، ان کے ساتھ تعاون کرنے اور ان کیلئے بامعنی مواقع پیدا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم نوجوانوں کیلئےنہیں، بلکہ ان کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔”
ریجنل کونسلر، وارڈ 9 و 10؛ چیئر، یوتھ انگیجمنٹ گرپرتاپ سنگھ طورنے بتایاکہ “ہمارے نوجوان نئے زاویے جرات مندانہ خیالات اور سماجی وابستگی کے جذبے سے بھرپور ہیں۔ یہ حکمتِ عملی نوجوانوں کو شریک کرنے انہیں آواز دینے اور برامپٹن کے مستقبل کی تشکیل میں انہیں شامل کرنے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ نوجوانوں میں سرمایہ کاری دراصل شہر کے دیرپا استحکام میں سرمایہ کاری ہے۔”
چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر، سٹی آف برامپٹن مارلن کالیڈین کاکہنا تھا “یہ اسٹریٹجی براہِ راست برامپٹن کے نوجوانوں کی آواز اور تجربات سے ترتیب دی گئی ہے۔ اس میں یہ واضح خاکہ موجود ہے کہ ہم کس طرح سٹی کی مختلف پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی، شرکت اور بااختیاری کو فروغ دیں گے۔ یہ مستقبل میں ایک زیادہ مضبوط اور جامع برامپٹن کے قیام میں اہم کردار ادا کریگی۔”

