برامپٹن: فائنل میں ٹورانٹو نیشنلز نے موٹریال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا

برامپٹن: کینیڈا کے شہر برامپٹن میں منعقد ہونے والے GT20 کے آخری اور فائنل میچ میں ٹورانٹو نیشنلز نے موٹریال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 2024 کا GT20 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ میچ CAA سینٹر میں کھیلا گیا، جہاں ٹورانٹو نیشنلز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

موٹریال ٹائیگرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 96 رنز بنائے۔ ٹورانٹو نیشنلز کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس میں JP بیہرینڈورف نے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ رمارو شیفرڈ نے بھی 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
موٹریال کی بیٹنگ لائن اپ میں صرف 3 بلے باز دوہرے ہندسے میں رنز بنا سکے۔ ان کی طرف سے سب سے زیادہ 35 رنز کاربن بوش نے بنائے، جبکہ باقی بلے باز ٹورانٹو کے بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔

ٹورانٹو نیشنلز نے 97 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے محض 15 اوورز میں 97/2 کے اسکور پر میچ جیت لیا۔ اینڈریز گوس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ راسی وین ڈر ڈوسن نے بھی 34 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹورانٹو نیشنلز کی شاندار فتح اور GT20 کا ٹائٹل جیتنا کینیڈا کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ بن گیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ٹورانٹو نیشنلز نے شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں