برامپٹن، اونٹاریو(نمائندہ خصوصی)برامپٹن سٹی نے مسلسل دسویں سال بجٹ کی تیاری میں اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے گورنمنٹ فنانس آفیسرز ایسوسی ایشن (GFOA) کی جانب سے “ڈسٹنگوئشڈ بجٹ پریزنٹیشن ایوارڈ” حاصل کیا ہے، جو مالی شفافیت، منصوبہ بندی اور عوامی مفاد میں بہترین انتظامی حکمت عملی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
18 جولائی 2025 کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، سٹی آف برامپٹن نے بجٹ سازی میں مسلسل دس سالہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا ہے۔ یہ ایوارڈ GFOA امریکہ و کینیڈا کی جانب سے ان حکومتی اداروں کو دیا جاتا ہے جو بجٹ کی تیاری میں قومی سطح پر تسلیم شدہ رہنما اصولوں کی مکمل پاسداری کرتے ہیں۔
برامپٹن کے 2025 کے بجٹ کو چار پہلوؤں پالیسی دستاویز،مالی منصوبہ،عملیاتی رہنمااورمواصلات کے سے جانچا گیاہے.اس کے علاوہ، بجٹ میں اسٹریٹجک اہداف، مالی وضاحت، اور شفاف فنڈنگ و اکاؤنٹنگ طریقہ کار کو بھی معیار کے مطابق قرار دیا گیا۔
گزشتہ دہائی میں، برامپٹن کے بجٹس نے ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، صحت، تحفظ، تفریح اور ماحولیاتی استحکام جیسے شعبوں میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی بنیاد رکھی، جب کہ سٹی کے مالی ذخائر کو بھی مستحکم رکھا گیا۔
میئر پیٹرک براؤن نے کہا”یہ دس سالہ سنگ میل برامپٹن کے مالیاتی منصوبہ بندی میں دیانتداری اور شفاف طرزِ حکمرانی کا ثبوت ہے۔ GFOA کی جانب سے مسلسل پذیرائی ہمارے مستقبل کی تیاری کی عکاس ہے۔”
چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر مارلون کالدیین نے کہا”دس سال مسلسل اس اعزاز کا حصول سٹی آف برامپٹن کاٹیم ورک اور بجٹ آفس کی مہارت کا ثبوت ہے۔ میں سٹی کونسل، بجٹ آفس، اور تمام عملے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”

