برامپٹن:پارکنگ قوانین کے نفاذ کو مضبوط بنانے کیلئے جرمانے بڑھا دیےگئے

برامپٹن، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) برامپٹن شہر پارکنگ کے ضوابط پر عمل درآمد اور عوامی تحفظ کو بہتر بنانے کیلئےمؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ 38 اضافی بائی لا آفیسرز اور دو معاون عہدوں کی بھرتی کے بعد، شہر نے اپنے ایڈمنسٹریٹو پینلٹیز (پارکنگ) بائی لا 333-2013 میں ترمیم کی ہے تاکہ بار بار پارکنگ کی خلاف ورزیوں پر زیادہ جرمانے عائد کیے جا سکیں۔ یہ اقدام سڑکوں کی حفاظت اور ٹریفک کے بہتر انتظام کیلئےبرامپٹن کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔نئے نظام کے تحت، اگر کوئی شخص اسی خلاف ورزی کو دوبارہ دہرائے گا تو جرمانہ ابتدائی مقررہ رقم سے 50 فیصد زیادہ ہو جائے گا۔ یہ تبدیلی مختلف پارکنگ خلاف ورزیوں پر لاگو ہوگی.

فائر ہائیڈرنٹ سے تین میٹر کے اندر پارکنگ کرنا،تین گھنٹے سے زائد پارکنگ کرنا،رات 2 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان پارکنگ کرنا،ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنا

گزشتہ سال رہائشیوں نے پارکنگ خلاف ورزیوں سے متعلق 86000سے زائد سروس درخواستیں جمع کرائیں۔ ان درخواستوں اور نفاذی افسران کی جانب سے کمیونٹی میں فعال گشت کے نتیجے میں 130000سے زائد جرمانے کے نوٹس جاری کیے گئے۔

پارکنگ بائی لاز کا مقصد تمام سڑک استعمال کرنے والوں، بشمول پیدل چلنے والوں،سائیکلسٹوں، ایمرجنسی سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے محفوظ اور قابلِ رسائی سڑکوں کو یقینی بنانا ہے۔ جب پارکنگ قوانین کو نظر انداز کیا جاتا ہے، تو اس کے نتیجے میں سڑکوں کی بندش، ٹریفک جام اور خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جو کمیونٹی کیلئےنقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

بار بار خلاف ورزیوں پر جرمانے بڑھانے کا مقصد مسلسل قوانین توڑنے والوں کی حوصلہ شکنی اور ذمہ دارانہ پارکنگ کے رویے کو فروغ دینا ہے۔رہائشیوں اور زائرین کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ پارکنگ قوانین سے آگاہی حاصل کریں اور ایک محفوظ اور بہتر شہر کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں