برسبین:ہیلمٹ نہ پہننے پر انگلش ٹیم کے کھلاڑی مشکل میں پھنس گئے

برسبین(رائٹرز)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہیلمٹ نہ پہننے پر مشکل میں پھنس گئے۔ برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے موجود انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سمیت دو کھلاڑیوں کو کوئنز لینڈ کے قوانین کی خلاف ورزی پر ممکنہ جرمانے کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں نے برسبین میں فارغ وقت کے دوران بغیر ہیلمٹ ای اسکوٹرز چلائیں، جس سے کوئنز لینڈ کے لازمی ہیلمٹ قانون کی خلاف ورزی ہوئی۔ کپتان بین اسٹوکس کے ساتھ مارک ووڈ اور جیمی اسمتھ بھی ای اسکوٹر پر شہر گھومتے نظر آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمی اسمتھ کے اسکوٹر پر ہیلمٹ لٹک رہا تھا لیکن انہوں نے اسے پہنا نہیں۔ قانون کی خلاف ورزی پر رائیڈرز کو 166 آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ ہوسکتا ہے۔

آسٹریلیا میں انگلینڈ ٹیم کی سرگرمیوں کو عام طور پر لو پروفائل رکھا جاتا ہے اور کھلاڑی سخت سیکیورٹی میں ہوتے ہیں۔ مارک ووڈ اس وقت فٹنس مسائل کا شکار ہیں اور گھٹنے پر اسٹریپنگ کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں یہ پہلا موقع نہیں کہ انگلینڈ کے کھلاڑی قوانین کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے ہوں۔ 2010-11 میں کیون پیٹرسن کو میلبرن میں تیز رفتار گاڑی چلانے پر 239 آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ ہوا تھا۔