برطانیہ: لندن جانے والی ٹرین پر چاقو حملے میں 9 زخمی، 2 شہری گرفتار

کیمبرج شائر (دی گارڈین) برطانیہ کے کیمبرج شائر میں لندن جانے والی ایک ٹرین پر ہونے والے چاقو حملے میں 9 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد دو برطانوی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

وزیرِ اعظم کئیر اسٹارمر نے واقعے کو “انتہائی ہولناک” قرار دیا اور زخمیوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے کہا کہ انسداد دہشت گردی پولیس بھی تحقیقات میں مدد کر رہی ہے تاکہ واقعے کے محرکات کا تعین کیا جا سکے، تاہم ابتدائی شواہد سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ یہ واقعہ دہشت گردی سے متعلق ہے۔

“گرفتار شدہ افراد”
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد میں ایک 32 سالہ سیاہ فام برطانوی شہری اور ایک 35 سالہ کیریبین نسل کے برطانوی شہری شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر کاؤنٹر ٹیررزم پولیس بھی تحقیقات میں شامل رہی، مگر اس وقت کوئی ثبوت نہیں ملا جو واقعے کو دہشت گردانہ عمل ثابت کرے۔

“حملے کا منظرنامہ”
حملہ ڈانکاسٹر سے لندن کنگز کراس جانے والی ٹرین پر پیٹربرو اسٹیشن سے روانگی کے فوراً بعد ہوا۔ ہنٹنگڈن اسٹیشن پر پولیس کو اطلاع ملی اور مسلح اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ زخمی افراد میں سے 4 کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ 2 کی حالت اب بھی نازک ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک شخص چیختے ہوئےکہہ رہاتھا کہ “مجھے چاقو مارا گیا ہے!” زخمی مسافر دوسرے ڈبوں میں بھاگ کر محفوظ ہوئے۔ پولیس نے ایک شخص کو پلیٹ فارم پر بڑے چاقو کے ساتھ قابو کر کے گرفتار کیا۔

“حکومتی اور عوامی ردِعمل”
وزیرِ داخلہ شبانہ محمود نے عوام سے اپیل کی کہ ابتدائی مرحلے پر قیاس آرائی سے گریز کریں۔ وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا کہ یہ غالباً ایک “تنہا حملہ” تھا، اور عوام کو معمول کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے۔ شیڈو ہوم سیکریٹری کرس فلپ نے واقعے کو “وحشیانہ اجتماعی حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور حکومت تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائیں۔

“ریلوے اور ہنگامی کارروائیاں”
لندن نارتھ ایسٹرن ریلوے (LNER) نے ٹرین کی سروس معطل کر دی اور مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے عوام سے درخواست کی کہ واقعے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے 101 نمبر یا آن لائن پورٹل استعمال کریں اور واقعہ نمبر 495 (یکم نومبر) کا حوالہ دیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں