برطانیہ میں 3 لڑکیاں کھانا کھاکر بل دیے بغیر رفو چکر ہوگئیں

برطانیہ میں اطالوی ریسٹورنٹ سے 3 لڑکیاں 300 پونڈ (تقریباً 1 لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے) کا کھانا کھا کر بل دیے بغیر رفو چکر ہوگئیں۔

برطانیہ کے سینٹ لیونارڈ میں بنے اطالوی ریسٹورنٹ کو تین مرتبہ ایسے واقعے کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں خواتین کھانا کھانے کے بعد بنا بل دیے روانہ ہوگئی ہیں۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق سی سی ٹی وی کے ذریعے انہیں پتا چلا کہ 3 خواتین نے ریسٹورنٹ میں کاکٹیلز پینے اور پاستا کھانے کے بعد اپنا بل ادا نہیں کیا اور ایسے ہی روانہ ہوگئیں۔

اس حوالے سے ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی وجہ سے انہیں کئی مرتبہ نقصان اٹھانا پڑا ہے، اور گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک 1000 پاؤنڈ کا نقصان ہوا ہے، اور ایسے واقعات نے انہیں دلبرداشتہ کردیا ہے۔

اس طرح کے واقعات پیش آنے کی وجہ سے ریسٹورنٹس کی انتظامیہ نے اپنے گاہکوں پر کڑی نظر رکھنا شروع کردی ہے۔

دی سن نیوز کے مطابق اس واقعے کے بعد جب مزید چھان بین کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس سے قبل 8 افراد پر مشتمل ایک فیملی بھی 329 پاؤنڈ کا کھانا کھا کر بغیر بل دیے جانے کی کوشش میں پکڑی گئی تھی۔

اس خاندان نے بھی ایک ریسٹورنٹ میں بھرپور کھانا کھایا تھا، جس میں ایک درجن سے سافٹ ڈرنکس اور ڈیزرٹ (میٹھے آئٹم) بھی شامل تھے۔

41 سالہ برنارڈ میک ڈوناگ اور ان کی اہلیہ 39 سالہ این میک ڈوناگ کو بعد ازاں عدالت میں پیش کیا گیا تو ان پر 5 مرتبہ اسی طرح کے دھوکہ دہی کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔

مقامی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں اس طرح کے واقعات اکثر سامنے آتے رہتے ہیں جس میں کئی بار لوگ بغیر بل دیے بھاگنے کی کوشش میں پکڑے بھی جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں