برطانیہ نے اپنے شہریوں کو16 ممالک کیلئے سفری انتباہ جاری کردیا

لندن(نامہ نگار)ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث برطانوی دفتر خارجہ نے علاقائی صورتحال بگڑنے اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 16 ممالک کیلئے اپنے شہریوں کو سفری انتباہ جاری کردیا ہے۔ برطانوی حکام نے خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور اس سے ملحقہ ممالک کا سفر کرنے والے سیاحوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق ہر سال لاکھوں برطانوی شہری ان ممالک کا سفر کرتے ہیں، تاہم حالیہ علاقائی تناﺅ کے باعث سیاحت شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ایران میں ملک گیر مظاہروں، تہران میں پرتشدد کریک ڈاؤن اور امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایران پہلے ہی اپنی فضائی حدود کو تجارتی پروازوں کیلئے اچانک بند کر چکا ہے، جس سے بین الاقوامی پروازیں اور سیاح مشکلات کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر فضائی حدود عارضی طور پر کھولی گئی ہے، تاہم برطانوی دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا الرٹ جاری رکھا ہے، جس کے بعد مسافروں میں بے چینی اور تشویش پائی جا رہی ہے۔