برطانیہ کی مساجد میں نمازِ عیدالاضحیٰ کے اجتماعات، فلسطین و کشمیر کیلئےخصوصی دعائیں

لندن(نمائندہ خصوصی) برطانیہ بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت، اتحاد اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس سال عیدالاضحیٰ پورے ملک میں ایک ہی دن منائی گئی، جس پر برطانوی مسلمانوں میں یکجہتی اور مسرت کی فضا دیکھنے کو ملی۔

لندن کی مرکزی جامع مسجد، اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹس پارک میں نمازِ عید کے لیے 6 جماعتوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ہزاروں نمازیوں نے شرکت کی۔ خوشگوار موسم کے باعث شہر کے مختلف پارکوں اور کھلے میدانوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

نمازِ عید کے اجتماعات میں دنیا بھر میں قیامِ امن، خاص طور پر فلسطین اور کشمیر میں مظلوم مسلمانوں کی آزادی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے بھی نمازیوں نے دعا مانگی۔ کئی نمازیوں نے غزہ میں جاری مظالم پر دل گرفتہ جذبات کا اظہار کیا اور مظلوموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

شمالی برطانیہ میں بھی عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ لیڈز سینٹرل گرینڈ مسجد، لیڈز اسلامک سینٹر، بلال مسجد اور دیگر چھوٹی بڑی مساجد و مدارس میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کی۔

علماء کرام نےخطابات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنتِ قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد، قربانی کے جذبے، عالمِ اسلام کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔برطانیہ میں مقیم مسلم کمیونٹی نے ان اجتماعات میں بھرپور شرکت کی، جس سے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور عالمی مسلم یکجہتی کا خوبصورت منظر پیش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں