بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا کا کہنا ہے کہ غیر اہم لوگوں پر توجہ دینے کے لیے انسان کے پاس زندگی بہت تھوڑی ہے، برے لوگوں کو اپنی زندگی سے باہر نکالنے سے بالکل نہ ڈریں۔
پرینیتی چوپڑا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں کشتی میں سفر کرتے گہرے خیالات میں کھوئے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیشپن میں لکھا کہ اس مہینے میں نے کچھ وقت نکالا اور اپنی زندگی پر غور کیا جس کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ انسان کے سوچنے کا انداز ہی سب کچھ ہے۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ غیر اہم چیزوں یا لوگوں کو اہمیت نہ دیں اور اپنی زندگی کا ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں کیونکہ اس کے لیے زندگی بہت تھوڑی ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ زندگی کے ہر لمحے کو اپنی پسند سے گزاریں، دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے جینا چھوڑ دیں اور دنیا کیا سوچے گی اس کی پرواہ نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے پر آپ اپنی پسند سے زندگی کبھی نہیں گزار سکیں گے اور بعد میں آپ اس بات کا بہت زیادہ پچھتاوا ہوگا۔
پرینیتی چوپڑا نے لکھا کہ اپنے ہم خیال لوگوں کی تلاش کریں اور برے لوگوں کو اپنی زندگی سے باہر نکالنے سے بالکل نہ ڈریں۔