بسنت پر پولیو مہم جاری رکھنے کیلئے خصوصی پلان تیار

انسداد پولیو مہم عالمی ادارہ صحت کے مبصرین نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا
ڈی سی لاہور کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس، 4 لاکھ 74 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل
بسنت پر مہمان بچوں کی آمد کے پیش نظر پلان تیار، ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایات:ڈی سی لاہور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “زیرو پولیو” مشن کو عملی جامہ پہنانے کیلئےڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی سی آفس لاہور میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب نیازی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوسرے روز ضلعی انتظامیہ لاہور کی ٹیموں نے انتھک محنت کرتے ہوئے مجموعی طور پر 4 لاکھ 74 ہزار 13 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے ہیں، جس پر عالمی ادارہ صحت کے مبصرین نے ٹیموں کی فیلڈ مانیٹرنگ اور کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بسنت کے تہوار کے پیش نظر شہر میں مہمان بچوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث خصوصی ایکشن پلان مرتب کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں فیلڈ ٹیموں کی خود نگرانی کریں اور گھر پر موجود نہ ہونے والے کو ٹریس کر کے ان کی ویکسینیشن کا عمل سو فیصد مکمل کیا جائے۔

ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ درست اعدادوشمار کی بروقت رپورٹنگ مہم کی کامیابی کیلئے ناگزیر ہے اور پولیو فری لاہور کے قومی مقصد کیلئے تمام متعلقہ محکمے یکجان ہو کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیموں کو سکیورٹی یا کسی بھی مسئلے کی صورت میں براہ راست رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو فیلڈ میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے تاکہ 5 سال سے کم عمر کے ہر بچے کی رسائی کو یقینی بنا کر نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔