بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی یافتہ 33 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان (آئی ایس پی آر) بلوچستان میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 21 ستمبر سے اب تک 33 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر کو آپریشن شعبان کے تسلسل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مزید ٹھکانوں کو تباہ کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے ٹھکانوں سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا۔