پشاور (نامہ نگار)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفرِیدی نے کہا ہے کہ بند کمروں کے فیصلے سے عوام دل برداشتہ ہو چکے ہیں۔ اسمبلی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ صوبے اور اس کے عوام کیلئےکسی کے ساتھ بھی بیٹھنے کو تیار ہیں اور عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
سہیل آفرِیدی نے کہا کہ ایک بار پھر تیراہ کے لوگوں کا جبری انخلاء کیا جا رہا ہے، اور مجھے ہرانے کیلئے تیراہ میں آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جبری انخلاء کے موقع پر وہ تیراہ گئے، عوام نے عزت دی اور ہم مسائل کا حل بھی پیش کرتے ہیں، اسلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ شدید سردی میں لوگوں کا انخلاء ایک غلطی تھی، جس پر پریس ریلیز جاری کی گئی اور اس میں 4 ارب روپے کا ذکر کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا کو 4 ہزار 758 ارب روپے بقایا ہیں جو فراہم نہیں کیے جا رہے، اور ملک دیوالیہ ہوتا جا رہا ہے۔
سہیل آفرِیدی نے بتایا کہ وفاق صوبے کے 52 ارب روپے کے آئی ڈی پیز کا مقروض ہے اور ان کے ساتھ مناسب رویہ نہیں اپنایا جا رہا، اس لیے اب تحریری رابطے کے ذریعے معاملات طے کیے جائیں گے۔

