بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سکواڈ سے بابر، رضوان اورشاہین ڈراپ

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیاجس میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کا نام شامل نہیں ہے۔سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ میچز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بی سی بی حکام کے دوران ہونیوالی میٹنگ میں سیریزکے انعقاد پر اتفاق کیا گیا تھاجسے پاک بھارت کشیدگی کے باعث پانچ سے تین میچوں تک محدود کردیا گیا ہے۔

آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ شاداب خان نائب کپتان کی حیثیت سے سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے تاکہ کارکردگی اور مستقبل کی تیاری میں توازن قائم رکھا جا سکے۔اعلان کردہ قومی سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب شامل ہیں۔پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کی کارکردگی کی بنیاد پرٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔ یہ سلیکشن آئندہ بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کے سلسلے کی کڑی ہے۔واضح رہے کہ لاہور کا تاریخی قذافی سٹیڈیم تینوں میچز کی میزبانی کرے گا۔ سیریز کے مکمل شیڈول اور دیگر تفصیلات کا اعلان آئندہ 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں