بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان 14 سال بعد براہ راست پروازیں بحال، شیڈول جاری

ڈھاکا( اے ایف پی، بنگلہ دیشی میڈیا)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست فضائی رابطہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 29 جنوری سے ڈھاکا اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں شروع کی جائینگی۔دونوں ممالک کے درمیان 2012 کے بعد پہلی باقاعدہ فضائی سروس ہوگی۔

بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے مطابق پہلی براہ راست پرواز 29 جنوری کو ڈھاکا سے کراچی روانہ ہوگی، جبکہ یہ روٹ ہفتے میں دو بار آپریٹ کیا جائے گا۔ ایئرلائن کی منیجر بشریٰ اسلام نے بتایا کہ ڈھاکا–کراچی روٹ کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ براہ راست پروازوں کی بحالی سے تجارتی سرگرمیوں، سیاحت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ ملے گا۔ اس وقت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو دبئی اور دوحہ جیسے خلیجی مراکز کے ذریعے کنیکٹنگ پروازیں استعمال کرنا پڑتی ہیں۔

واضح رہے کہ نومبر 2024 میں کراچی سے بنگلہ دیش کی اہم بندرگاہ چٹاگانگ کیلئےمال بردار بحری جہازوں کی آمد و رفت بھی بحال ہوچکی ہے۔ گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کے دوران امید ظاہر کی تھی کہ جنوری میں براہ راست پروازیں شروع ہو جائیں گی۔

معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ رہے، تاہم ان کی جلاوطنی کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ دسمبر میں قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کیلئے ڈھاکا گئے تھے، جبکہ اگست 2025 میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بھی ڈھاکا کا دورہ کیا تھا۔