بونیر میں سیلابی تباہی کی نئی رپورٹ: اموات 400 سے زائد، 2 ہزار 300 مکانات تباہ

بونیر (نمائندہ خصوصی)خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر کی ضلعی انتظامیہ نے اتوار کو تباہ کن سیلاب سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کی، کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے نتیجے میں اموات کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تباہی کی شدت بے مثال ہے اور اب تک401 افراد جاں بحق،671 زخمی،4054مویشی ہلاک،مالی و بنیادی ڈھانچے کا نقصان،2300مکانات مکمل تباہ،413 مکانات جزوی متاثر،6 سرکاری اسکول بہہ گئے،2 تھانے مکمل تباہ،639 گاڑیاں مکمل تباہ،127 دکانیں مکمل تباہ،824 دکانیں جزوی متاثر،2 بڑے پل بہہ گئے،4 پل جزوی متاثر،3 سرکاری ہسپتالوں کو جزوی نقصان پہنچاہے.

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مشکلات کے باوجود ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں، تاہم نقصان اتنا زیادہ ہے کہ مکمل بحالی میں وقت لگے گا۔پاک فوج کے دستے بھی بونیر اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔گاؤں چوراک اور آدم خیل میں فوجی اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کر رہے ہیں۔

متاثرہ خاندانوں کو راشن اور بستر فراہم کیے جا رہے ہیں۔خراب موسم کے باوجود ہیلی کاپٹر آپریشنز بھی جاری ہیں۔مقامی شہریوں نے فوج کی بروقت امدادی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں