امرتسر : بھارت میں امریکا سے آنے والے بھارتی نژاد شہری کو مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کے سامنے گولی مار دی، سابقہ سسرالی خاندان کے 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ امرتسر میں بھارتی نژاد امریکی شہری کے گھر پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں دو نامعلوم مسلح افراد نے سُکھ چین سنگھ کو اس کی اہلیہ والدہ اور بچوں کے سامنے گولی مار دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ امرتسر کے نواحی علاقے دبورجی گاؤں میں پیش آیا، جہاں امریکہ میں کئی سال سے مقیم سکھ چین سنگھ حال ہی میں اپنے آبائی گاؤں واپس آئے تھے۔گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں واردات کا یہ منظر قید ہوگیا، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سکھ چین سنگھ نامی شخص کو دو حملہ آوروں نے اسلحہ کے زور پر گھر کے اندر دھکیل دیا۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے ان سے ان کی نئی خریدی ہوئی لگژری گاڑی کے کاغذات طلب کیے اور جب سکھ چین نے دینے سے انکار کیا تو ان پر فائرنگ کردی۔سکھ چین سنگھ کو ایک گولی سینے میں اور دوسری سر میں لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ایک نجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے سکھ چین سنگھ کو اس وقت روکا جب وہ صبح کی سیر کے لیے جا رہے تھے اور انہیں زبردستی گھر کے اندر لے جا کر فائرنگ کردی۔
سکھ چین سنگھ کی دوسری بیوی نے ان کی پہلی بیوی کے خاندان پر حملے کا الزام عائد کیا ہے اور پانچ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے کیونکہ بیرون ممالک میں مقیم شہریوں کے ساتھ جائیداد اور ذاتی دشمنی کے تنازعات عام ہیں اور یہ ایک اور ایسا ہی واقعہ ہو سکتا ہے، تاہم معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔