ایٹہ، اتر پردیش ( بھارتی میڈیا)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع ایٹہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں 10 سالہ بچے نے اپنی 52 سالہ والدہ کا پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے اسپتال تنہا پہنچا۔ والدہ ٹی بی اور ایچ آئی وی کے علاج کے دوران اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق نہ کوئی رشتہ دار اور نہ پڑوسی مدد کے لیے آئے، جس کے باعث بچہ صرف طبی عملے کے ساتھ ماں کی لاش کے پاس پوسٹ مارٹم کروانے پہنچا۔ اسپتال میں فرش پر ماں کی لاش کے پاس بیٹھے بچے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ بچہ کئی گھنٹوں تک ماں کی لاش کے پاس رہا، یہاں تک کہ پولیس کو اطلاع ملی اور وہ اسپتال پہنچی۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم اور آخری رسومات کا انتظام کیا۔ بچے کے والد گزشتہ برس ایچ آئی وی کے باعث انتقال کر چکے تھے، اور بچے نے بتایا کہ والد کی موت اور ماں کی بیماری کے بعد وہ تعلیم چھوڑ کر ماں کی دیکھ بھال کرنے لگا۔
بچے نے الزام عائد کیا کہ رشتہ دار اس کی زمین ہڑپ کرنے کے لیے دھمکیاں دے رہے ہیں اور اس دوران خاندان نے کسی قسم کی مدد نہیں کی۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ خاتون کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی گئی تھی اور انہیں 2017 میں بھی ٹی بی کا علاج کروایا گیا تھا۔
ایس ایچ او نے کہا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کی مدد کی گئی اور آخری رسومات کا انتظام کیا گیا۔

