بھارت: جین مذہب کی تقریب میں قیمتی سونے کا ’کلش‘ چوری

نئی دہلی (بھارتی میڈیا/نمائندہ خصوصی) بھارتی دارالحکومت دہلی میں واقع تاریخی لال قلعہ کے احاطے میں جاری جین مذہبی تقریب کے دوران بڑی سیکیورٹی کوتاہی سامنے آئی ہے۔ ایک شخص جین پجاری کے بھیس میں اسٹیج تک پہنچنے میں کامیاب ہوا اور تقریب کے دوران دو سونے کے ’کلش‘ سمیت دیگر قیمتی اشیاء چرا کر فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق چوری شدہ سامان کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کی شناخت کر لی گئی ہے اور جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

ایف آئی آر کے مطابق چوری شدہ اشیاء میں تقریباً 760 گرام وزنی سونے کا ناریل، ہیرے، زمرد اور یاقوت جڑا 115 گرام وزنی چھوٹے سائز کا سونے کا ڈول (کلش) اور دیگر قیمتی سامان شامل ہے۔ یہ تمام اشیاء جین مذہب کی رسومات میں استعمال ہوتی ہیں اور مذہبی طور پر نہایت مقدس حیثیت رکھتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب منتظمین معزز مہمانوں کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف تھے، تاہم جیسے ہی رسومات دوبارہ شروع ہوئیں تو قیمتی اشیاء کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔

قیمتی سامان کے مالک سدھیر جین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ “چور نے ہجوم کا فائدہ اٹھایا، جواہرات تو صرف زیبائش کیلئےتھے لیکن کلش ہماری مذہبی عقیدت سے جڑا ہے، اس کی کوئی قیمت مقرر نہیں کی جا سکتی۔”

پولیس نے واقعے کے بعد سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے تقریب کے احاطے میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ شروع کر دیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق مشتبہ شخص تقریب میں شریک عام افراد میں گھل مل گیا تھا، تاہم چہرے کی شناخت کے نظام (فیس ریکگنیشن) اور دیگر شواہد کی مدد سے اس کی نقل و حرکت کو ٹریس کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مذہبی تقریبات میں خصوصی سیکیورٹی اسکواڈ تعینات کیا جائے گا تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں