بھارت: خاتون کے ساتھ چلتی گاڑی میں اجتماعی زیادتی، ملزمان گرفتار

فریدآباد(ایجنسیاں)بھارتی شہر فریدآباد میں ایک 28 سالہ شادی شدہ خاتون کو چلتی وین میں ڈھائی گھنٹے تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد سڑک پر پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا، خاتون رات کے وقت گھر جانے کے لیے سواری کا انتظار کر رہی تھی کہ ایک وین اس کے قریب آ کر رکی، وین میں موجود دو نوجوانوں نے خاتون کو گھر چھوڑنے کا جھانسہ دے کر وین میں بٹھا لیا۔

متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان نے وین میں اس کے ساتھ مسلسل زیادتی کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے، بعد ازاں ملزمان خاتون کو چلتی وین سے سڑک پر پھینک کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی جانب سے فون کیے جانے پر اہلِ خانہ موقع پر پہنچے اور تشویشناک حالت میں اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شدید ذہنی صدمے کے باعث متاثرہ خاتون کا بیان تاحال ریکارڈ نہیں کیا جا سکا، تاہم اس کی حالت اب مستحکم بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی وین بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون تین بچوں کی ماں ہے اور گھریلو تنازع کے باعث شوہر سے الگ والدین کے ساتھ رہ رہی تھی۔