راولپنڈی(نامہ نگار)پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہو گیا ہے تو آپس میں بھی سیز فائر ہونا چاہیے، خوشی کی بات ہے کہ بہنوں کو بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملی، جنید اکبر کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے، خبر ملی کہ انہوں نے دے دیا ہے۔
راولپنڈی میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا غرور خاک میں ملا ہے، اللّٰہ نے کرم نوازی کی ہے، جب پاکستان کا جواب گیا تو پوری دنیا نے دیکھا اور سنا بھارت نے محسوس بھی کیا۔
بھارت نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے 26 مقامات پر ٹارگٹ کیا، بھارتی ایئر فورس نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے رافیل جہاز کا کتنا نقصان ہوا، تحریکِ انصاف نے قوم کی یک جہتی اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں بھی کہا کہ سب سے بڑی پارٹی کے رہنما کو مزید جیل میں نہ رکھیں، اگر بھارت کے ساتھ سیز فائر ہو گیا ہے تو آپس میں بھی سیز فائر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ قوم میں یک جہتی ہو، بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی ہو، یہ لیڈروں پر مقدمات اور پکڑ دھکڑ ہمیشہ کیلئے ختم ہونا چاہیے، پاکستان سے دنیا کے تعلقات اب تبدیل ہونگے، دنیا کا نظریہ اب تبدیل ہو گا۔

