بھارت طویل عرصے سے خطرناک کھیل کھیل رہا ہے: عاصم افتخار

نیویارک (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت طویل عرصے سے خطرناک کھیل کھیل رہا ہے اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی بھڑکانے کی پالیسی ترک کرے۔

یو این میں بھارت اور افغان نمائندوں کے بیانات پر جواب دیتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان کے نام نہاد نمائندے حقیقت میں کسی کی نمائندگی نہیں کرتے اور صرف اپنے آپ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت ہمیشہ افغانستان میں تخریب کاری کا کردار ادا کرتا رہا ہے اور پاکستان نے شواہد فراہم کیے ہیں کہ بھارت دہشت گرد گروپوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہے۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں ذمے دارانہ کردار ادا کیا ہے اور ہم کسی صورت بھارت کی افغانستان سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازش یا مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔