کیرالہ( بھارتی میڈیا، پولیس)بھارتی ریاست کیرالہ میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 22 یونیورسٹیوں کی ایک لاکھ جعلی ڈگریاں برآمد کر لی ہیں جبکہ جعلی ڈگریاں بنانے اور فروخت کرنے والے نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈگریاں تیار کرنے والے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی اسناد، کمپیوٹرز اور دیگر مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اب تک تقریباً 10 لاکھ سے زائد جعلی ڈگریاں میڈیسن، نرسنگ اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے استعمال کی جا چکی ہیں۔پولیس کے مطابق جعلی ڈگریوں کا یہ نیٹ ورک ایک سرٹیفکیٹ 75 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کرتا تھا، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

