بھارت میں خوفناک حادثہ، مسافر ٹرین نے 7 ہاتھیوں کو کچل ڈالا

آسام(ایجنسیاں) بھارت کی ریاست آسام کے شمال مشرقی علاقے میں ایک مسافر ٹرین ہاتھیوں کے ایک ریوڑ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 7 ہاتھی موقع پر ہی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ حادثے میں کسی مسافر کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

آسام پولیس کے سینئر افسر وی وی راکیش ریڈی نے اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے کے باعث ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ یہ ٹرین ریاست میزورم سے نئی دہلی جا رہی تھی۔ انڈین ریلوے کے ترجمان کپل کشن شرما کے مطابق لوکو پائلٹ نے ہاتھیوں کو دیکھتے ہی ایمرجنسی بریک لگائے، تاہم تصادم سے بچا نہ جا سکا۔ انہوں نے بتایا کہ ہاتھیوں کی آمد و رفت کے لیے مخصوص راہداریوں پر رفتار کی پابندیاں عائد ہیں، تاہم یہ حادثہ ان علاقوں سے باہر پیش آیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات کی کٹائی اور قدرتی مسکن کے قریب تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث ہاتھی خوراک کی تلاش میں مزید دور نکلنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس سے ایسے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پارلیمانی اعداد و شمار کے مطابق 2023-2024 کے دوران بھارت بھر میں ہاتھیوں کے حملوں کے نتیجے میں 629 افراد ہلاک ہوئے۔