بھارت: نوبیاہتا جوڑے نے ہنی مون سے واپسی پر خودکشی کرلی

بنگلورو/ناگپور (ایجنسیاں)بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ایک نوبیاہتا جوڑے نے مبینہ گھریلو تنازع سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ سورج شیوانا نے ایک ہزار کلومیٹر سے زائد سفر کے بعد مہاراشٹر کے شہر ناگپور کے ایک ہوٹل میں پنکھے سے لٹک کر جان دے دی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس کی 26 سالہ اہلیہ گنوی کی بنگلورو میں خودکشی کے صرف دو روز بعد پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق گنوی نے منگل کے روز خودکشی کی کوشش کی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں برین ڈیڈ قرار دیے جانے کے بعد وینٹی لیٹر پر رکھا گیا اور وہ جمعرات کو دم توڑ گئیں۔

گنوی کی موت کے بعد والدین کی شکایت پر سورج شیوانا اور اس کے اہل خانہ کے خلاف جہیز کے لیے ہراسانی اور خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جوڑے کی شادی 29 اکتوبر کو بنگلورو میں ہوئی تھی اور وہ ہنی مون کے لیے سری لنکا گئے تھے، تاہم مبینہ گھریلو جھگڑے کے باعث سفر ادھورا چھوڑ کر واپس آ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سورج کی والدہ جینتی، جو ان کے ساتھ ناگپور گئی تھیں، نے بھی خودکشی کی کوشش کی اور اس وقت تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے سورج شیوانا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔