بھارت نے انڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے کر جیت لیا

ہرارے(سپورٹس ڈیسک)انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم 40.2 اوورز میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے کیلب فیلکونر 115 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ بین ڈاکنز 66، بین مائز 45، کپتان تھامس ریو 31 اور جیمز منٹو 28 رنز بنا سکے۔

بھارت کی جانب سے آر ایس امبرش نے 3، کانشک چوہان اور دیپیش دویندرا نے 2، 2، آیوش مہاترے اور کھلان پٹیل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بنائے۔ ویبھاؤ سوریاونشی نے 80 گیندوں پر 15 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے شاندار 175 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان آیوش ماتھرے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں ویدانت تریویدی 32، ویہان ملہوترا 30 اور ابھی گیان کندو 40 رنز کے ساتھ شامل تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز منٹو نے 3، ایلکس گرین اور سیبسٹیان مورگن نے 2، 2 اور مینی لمسڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیم ریکارڈ چھٹی انڈر 19 ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے پر مرکوز تھی، جبکہ انگلینڈ 1998 کے بعد اپنا پہلا یوتھ ورلڈ ٹائٹل حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔