ممبئی (اے این آئی)بھارت نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔یہ بھارت ویمنز ٹیم کی ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی چیمپئن شپ کامیابی ہے۔
ڈی وائے پٹیل اسٹیڈیم، ممبئی میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج فائنل میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے شفالی ورما نے 78 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
جبکہ دپیتی شرما نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز اسکور کیے اور بعد ازاں باؤلنگ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اوپنر سمرتی مندھانا نے بھی 45 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے آیا بونگا خاکا نے 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ دیگر باؤلرز میں سے ہر ایک کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز ٹیم نے 299 رنز کے تعاقب میں بھرپور مزاحمت کی مگر پوری ٹیم 246 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔کپتان لورا وولورڈاٹ نے شاندار 101 رنز اسکور کر کے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، مگر دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔اینری ڈرکسن 35 اور سن لوئس 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
بھارتی اسپنرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر دپیتی شرما نے اپنی 10 اوورز میں صرف 39 رنز دے کر 5 شکار کیے جبکہ شفالی ورما نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم اور تماشائیوں نے تاریخی فتح کا بھرپور جشن منایا۔دپیتی شرما کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

