بھارت کا ہاکی ایشیا کپ 2025ء میں پاکستان کی شرکت روکنے کا مبینہ منصوبہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک) ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے ہاکی ایشیا کپ 2025ء میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی شرکت کو روکنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ رواں سال اگست اور ستمبر میں بھارت میں منعقد ہونا ہے، جو ہاکی ورلڈکپ 2026ء کے کوالیفائنگ مرحلے کا بھی حصہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ پہلگام واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد بھارت نے پہلے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے سے انکار کیا، اور اب یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ بھارت پاکستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شرکت سے مکمل طور پر روکنے پر غور کر رہا ہے۔

تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کے مطابق بھارتی حکام پاکستانی ٹیم کی شرکت کے سخت مخالف ہیں۔

دوسری طرف، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی اس معاملے پر فی الوقت کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا ہے، اور نہ ہی بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان کیا گیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کا ایشیا کپ میں شاندار ماضی رہا ہے۔ قومی ٹیم اب تک تین بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے اور 12 میں سے 11 ایڈیشنز میں حصہ لے چکی ہے، جو کہ کسی بھی ٹیم کی سب سے زیادہ شرکت ہے۔

پاکستانی شائقینِ ہاکی اور بین الاقوامی کھیلوں کے حلقے اس پیشرفت پر گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ کھیلوں کو سیاست سے بالاتر رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں