بھارت کیلئے امریکی مشیر پر چین سے تعلقات کے الزام میں فردِ جرم عائد

واشنگٹن (اے ایف پی) — امریکی استغاثہ نے بھارت کے امور کے ماہر اور سابق امریکی حکومت کے مشیر، ایشلے ٹیلِس پر خفیہ معلومات رکھنے اور چینی حکام سے ملاقات کے الزامات عائد کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق منگل کو دائر فوجداری حلف نامے میں بتایا گیا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے تک امریکی حکومت میں بلا معاوضہ مشیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے 64 سالہ ٹیلِس کے گھر سے ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل خفیہ اور انتہائی خفیہ دستاویزات برآمد ہوئیں۔

حلف نامے کے مطابق 25 ستمبر کو ٹیلِس نے وزارتِ خارجہ میں ایک خفیہ امریکی فضائیہ دستاویز پرنٹ کی، جبکہ ورجینیا کے شہر فیئرفیکس میں متعدد مواقع پر چینی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ایک ملاقات میں ٹیلِس ایک منیلا لفافہ لے کر ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے لیکن جاتے وقت وہ لفافہ واپس نہ آیا، اور دو مواقع پر چینی حکام نے انہیں تحائف پیش کیے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اگر الزامات ثابت ہوئے تو ایشلے ٹیلِس کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور 2.5 لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ٹیلِس کے وکلا نےفوری تبصرہ کرنے سے انکار کیا، جبکہ ورجینیا کے مشرقی ضلع کی امریکی اٹارنی لنڈسے ہیلیگن نے کہا کہ ’یہ مقدمہ امریکی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے خطرہ ہے۔‘

امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی کہ ٹیلِس کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم جاری تحقیقات کے باعث مزید تبصرے سے گریز کیا گیا۔ایشلے ٹیلِس کارنیگی اینڈوومنٹ فار انٹرنیشنل پیس میں سینئر فیلو ہیں اور سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دورِ حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں