بھارت کے مشہور مندر کو سونا چوری اسکینڈل کا سامنا، بتوں پر سے سونے کی پرت اتار لی گئی

نئی دہلی (بی بی سی)بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا کے مشہور سبری مالا مندر میں سونا چوری کے بڑے اسکینڈل نے ہندو عقیدت مندوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جب کیرالا ہائی کورٹ نے انکشاف کیا کہ مندر کے بعض بتوں سے سونے کی پرتیں اتار لی گئی ہیں۔

عدالت نے فوری طور پر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی، پولیس نے تفتیش شروع کر دی، اور تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں مندر کا سابق معاون پجاری بھی شامل ہے۔ دو رکنی بینچ ستمبر سے اس کیس کی سماعت باقاعدگی سے کر رہا ہے۔

پہاڑی مقام پر واقع سبری مالا مندر ہندو دیوتا بھگوان آیپا سے منسوب ہے، اور ہر سال لاکھوں یاتری اس کی زیارت کے لیے آتے ہیں۔ یہ وہی مندر ہے جو چند برس قبل حیض کے دوران خواتین کے داخلے پر پابندی کے تنازع کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز بنا تھا۔

موجودہ اسکینڈل دو ’دوار پالکاس‘ (دروازے کے محافظ مجسموں) سے متعلق ہے، جن کے بارے میں عدالت کے مقرر کردہ خصوصی کمشنر نے رپورٹ دی کہ ان پر چڑھی سونے کی پرت متعدد حصوں سے غائب ہے۔

عدالت کے ججوں جسٹس راجا وجے راگھون وی اور کے وی جے کمار نے کہا کہ انہوں نے مندر کے ریکارڈ، مرمت سے قبل و بعد کی تصاویر، اور ایس آئی ٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا ہے، جو بھگوان آیپا کے مقدس خزانے سے جڑے ایک غیر معمولی چوری کے کیس سے متعلق ہے۔

ریکارڈ کے مطابق 1998–99 میں بدنام ارب پتی تاجر وجے مالیا نے 30.291 کلوگرام سونا بطور عطیہ دیا تھا، جو بتوں، ستونوں، دروازوں اور دیوتا آیپا کی کہانیوں والے پینلز پر ملمع کاری میں استعمال کیا گیا۔

عدالتی رپورٹ کے مطابق جولائی 2019 میں مندر کے نگران ادارے تراونکور دیوسوم بورڈ نے مرکزی ملزم اونّی کرشنن پوٹی کو بتوں کو باہر لے جا کر دوبارہ سونے کی پرت چڑھانے کی اجازت دی۔ تاہم دو ماہ بعد جب یہ بت واپس لائے گئے تو ان کا وزن کم پایا گیا۔

تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ صرف بت ہی نہیں بلکہ دروازوں کے فریم اور سہارے بھی چوری کا نشانہ بنے، اور اندازاً 4.54 کلوگرام سونا 2019 کے بعد سے غائب ہے۔

عدالت نے حیرت کا اظہار کیا کہ پوٹی کو بت مندر سے باہر لے جانے کی اجازت کیوں دی گئی، کیونکہ ایسی مرمت ہمیشہ مندر کے اندر ہی کی جاتی ہے۔ مزید یہ کہ ریکارڈ میں سونے چڑھے حصے کو ’تانبے کی پلیٹیں‘ ظاہر کیا گیا۔ججوں نے مندر بورڈ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پوٹی کو غلط طور پر 474.9 گرام سونا اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی۔

مزید برآں، پوٹی نے بورڈ کو ایک ای میل بھیجی تھی جس میں اس نے اس اضافی سونے کو اپنی رشتہ دار لڑکی کی شادی میں استعمال کرنے کی اجازت مانگی — عدالت نے اسے “انتہائی پریشان کن اور بدعنوانی کی بدترین مثال” قرار دیا۔اونّی کرشنن پوٹی کو گرفتار کر کے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ملزم سے تاحال رابطہ نہیں ہو سکا۔

اپنا تبصرہ لکھیں