بھارت: گاڑی میں خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی، نجی کمپنی کی ایگزیکٹو اور شوہر گرفتار

اودے پور(ایجنسیاں)بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں پولیس نے نجی آئی ٹی کمپنی کے سی ای او، خاتون ایگزیکٹو ہیڈ اور اس کے شوہر کو خاتون ملازمہ کے مبینہ گینگ ریپ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس یوگیش گوئل کے مطابق واقعہ چلتی گاڑی میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا، اور اس کا بیان اور طبی معائنہ کروایا گیا۔ میڈیکل رپورٹ میں جسم پر چوٹوں کے نشانات پائے گئے، جو اجتماعی زیادتی کے الزام کی تائید کرتے ہیں۔

پولیس نے گاڑی میں نصب ڈیش کیم کی فوٹیج حاصل کی ہے، جس میں آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ شامل ہے اور یہ شواہد کا اہم حصہ سمجھی جا رہی ہے۔

ابتدائی شواہد کی بنیاد پر کمپنی کے سی ای او جیتیش سسودیا، ایگزیکٹو ہیڈ شلپا سیروہی اور اس کے شوہر گورو کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 20 دسمبر کو شوبھاگ پورہ کے ایک ہوٹل میں کمپنی کی جانب سے دی گئی سالگرہ اور نئے سال کی پارٹی کے بعد پیش آیا۔

پولیس نے کہا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔