بھارت:عصمت دری کی شکار لڑکی ماں،چچا اور بھائیوں کے ہاتھوں قتل

اتر پردیش: بھارت میں عصمت دری کا شکار ہونے والی لڑکی کو ماں اور بھائی نے خاندان کی عزت بچانے کے لیے قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے اتر پردیش کے سنبھل ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ایک 14 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا، لڑکی کے قتل کے معاملے میں پولیس نے تفتیش کی جس کے بعد ایک سنسنی خیز انکشاف ہوا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جب 14 سالہ لڑکی کے مبینہ ملزم کے ہاتھوں قتل کی خبریں منظر عام پر آئیں تو پولیس والوں سمیت سبھی نے اس کہانی پر یقین کیا۔ تاہم مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ایک قتل تھا جس کی منصوبہ بندی اس کے گھر والوں نے کی تھی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پہلے رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملزم نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد دو گولیاں ماریں، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی، اب تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ جرم اس کی ماں، دو بھائی اور چچا نے کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے جس میں لڑکی کے قتل کے عین وقت پر رنکو (مبینہ زیادتی کرنے والا) کو ایک غازی آباد کے اسپتال میں دیکھا گیا تھا، رنکو پر زیادتی کا کیس درج ہے جو کہ ضمانت پر ہے۔

تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ماں نے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی، اس ڈر سے کہ اس کی بیٹی، جو پہلے رنکو کے ساتھ غازی آباد بھاگ گئی تھی، عدالت میں گواہی نہیں دے گی کہ رنکو نے اس کے ساتھ زیادتی کی ہے ورنہ ان کی عزت خراب ہوگی۔

پولیس نے جب مزید تحقیقات کی تو یہ انکشاف ہوا کہ قتل کے دن ماں اپنی بیٹی کو غازی آباد سے اپنے گاؤں سنبھل واپس لائی تھی، گھر پہنچنے کے بعد ماں نے بیٹی کو رشتہ داروں سے ملنے پر آمادہ کیا، جب لڑکی اپنے چچا کے گھر پہنچی تو انہوں نے فائرنگ کردی۔

پولیس نے بتایا کہ لڑکی کی ماں اور بھائی نے خاندان کی عزت کے لیے اسے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے انہیں گرفتاری کے بعد بھی اپنے کیے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں