بھارتی اداکارہ و میزبان کو شو کے دوران گائے کا گوشت پکانے پر قتل کی دھمکیاں موصول ہونے لگیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلکتہ میں مقیم بنگالی اداکارہ و میزبان سدیپا چٹرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بنگلا دیشی پکوان شو کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ بنگلادیشی شو کے دوران پروگرام میں شریک ایک شخص نے گائے کے گوشت کی ڈش تیار کی تھی، شو کے دوران میں نے اس سے گفتگو کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ وائرل ویڈیو کی وجہ سے مجھے قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں اور حکمراں ترنمول کانگریس اور بنگال کے وزیر بابل سپریو سے قریبی تعلقات ہونے کے سبب بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تاہم اب اداکارہ نے فیس بُک پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سیاسی مفاد کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ زیادہ تر لوگ جو مجھے ٹرول کر رہے ہیں انہوں نے ویڈیو نہیں دیکھی ہو گی۔ میں نے کبھی گائے کا گوشت نہیں کھایا، اسے پکانا تو دور، اسے ہاتھ تک نہیں لگایا۔ دوسری بات، کریم جہاں (شو کی ایک شریک) نے ایسا کیا تھا، ویڈیوز ایڈیٹ نہیں ہیں، اسے دیکھئے اور بتائیں کہ میں نے کب گوشت کو ہاتھ لگایا ہے؟
انہوں نے بتایا کہ عید الضحیٰ کی مناسبت سے ہونے والے بنگلا دیشی پروگرام میں وہ بھارت کی نمائندگی کر رہی تھیں، لیکن ان کا بنگلا دیش سے تعلق ختم نہیں ہوسکتا اور یہ ہی وجہ تھی کہ انہوں نے اس شو میں شرکت کی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا۔