بھارتی فضائیہ کا سخوئی ایس یو 30 ایم کے آئی لاپتہ، تلاش جاری

نئی دہلی (ایجنسیاں) بھارتی فضائیہ کا سخوئی ایس یو 30 ایم کے آئی جنگی طیارہ لاپتہ ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔بھارتی فضائیہ کے مطابق طیارہ ریاست آسام کے شہر جورہاٹ سے پرواز کے بعد مقررہ وقت پر واپس نہیں پہنچا۔

فضائیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے سے آخری رابطہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر ہوا تھا جس کے بعد اس کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا۔بیان کے مطابق مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں اور طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

سخوئی ایس یو 30 ایم کے آئی دو انجنوں والا ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جسے روسی کمپنی سخوئی نے تیار کیا ہے جبکہ اس میں بھارتی، فرانسیسی اور اسرائیلی ایویونکس اور ہتھیاروں کے نظام شامل ہیں۔یہ طیارہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں بھارتی فضائیہ میں شامل کیا گیا تھا اور اسے فضائیہ کے اہم فرنٹ لائن جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔